شکار پور (نمائندہ امت) شکار پور میں سیاہ کاری کا تنازع کا تنازع 3 جانیں نگل گیا۔ گوٹھ متیرو خروس میں مسلح افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹا اور بھتیجا جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شکار پور کے قریب آباد ملانو تھانے کی حدود گوٹھ متیرو خروس میں خروس برادری کے دو گروہوں میں سیاہ کاری کے پرانے تنازعے پر تصادم کے نتیجے میں نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 3افراد موقع پر ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، ہلاک ہونے والوں میں باپ بیٹا اور بھتیجا 60سالہ سجاول ولد متیرو خروس، 30سالہ بلاول ولد سجاول خروس اور 25 سالہ عابد ولد محب شامل ہیں ، جبکہ نعمت اللہ ولد سجاول شدید زخمی ہو گئے ، واقعے کے بعد حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ دوسری جانب اطلاع ملتے ہی متعلقہ تھانے کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشیں اور زخمی کو سول اسپتال لکھی غلام شاہ منتقل کیا۔ جبکہ زخمی ہونے والے نعمت اللہ کی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث اسے لاڑکانہ کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مقتولین کی لاشوں کو پوسٹمارٹم بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا، بتایا جاتا ہے کہ حملہ آور مقتولین کے قریبی رشتہ دار ہیں، دونوں گروہوں میں تین سال سے سیاہ کاری پر تصادم چل رہا ہے ، آخری اطلاع تک واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہوا تھا۔