کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کا چھٹا کانووکیشن کل 29دسمبر کو ہوگا، جسکے مہمان خصوصی صدر ڈاکٹر عارف علوی ہوں گے۔صدر مملکت کالج کے اولین فیکلٹی ممبران میں شامل رہے ہیں۔ کانووکیشن میں ایم بی بی ایس کے 240 اور بی ڈی ایس کے 100 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں دی جائیں گی۔ مذکورہ کالج کا قیام 1991میں عمل میں آیا تھا، جسکے بعد سے کالج سے ایم بی بی ایس کے 22اور بی ڈی ایس کے 21بیچ پاس آؤٹ ہوچکے ہیں۔کانووکیشن کی ریہرسیل آج صبح کالج آڈیٹوریم میں ہوگی، جس کیلئے سربراہ کانووکیشن کمیٹی ڈاکٹر سلیم اللہ اور سیکریٹری ڈاکٹر شیراز نے فیکلٹی اراکین اور طلبہ و طالبات کو صبح 9بجے کالج پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ تمام مندوبین ہفتے کے روز دعوت نامہ اور اصل شناختی کارڈ ساتھ لائیں، اس کے بغیر کسی کو بھی داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈینٹل کالج نہ صرف ملک کو اچھے میڈیکل گریجویٹ فراہم کررہا ہے بلکہ کنسلٹنٹ کی فراہمی میں بھی اس کا بھرپور حصہ ہے۔اس وقت سی پی ایس پی میں پوسٹ گریجویشن کرنے والے کراچی کے ڈاکٹرز میں اس کالج کا حصہ 25فیصد سے زائد ہے۔