راولپنڈی/ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ سے افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل آسٹن اسکاٹ ملرنے ملاقات کی ، پاک فوج کے سربراہ سے روسی سفیر الیکسی یوری بھی ملے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ سے افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل آسٹن اسکاٹ ملرنے ملاقات کی ، آرمی چیف اور جنرل ملر کے درمیان مسئلہ افغانستان کے سیاسی حل پر اتفاق کیا گیا ،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراورعلاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور افغان مصالحتی عمل پر تفصیلی بات چیت ہوئی، اس موقع پر جنرل باجوہ نے کہا کہ افغانستان کا امن پاکستان کے امن کیلئے ضروری ہے، دونو ں رہنماؤں نے موثر سرحدی نظام قائم کرنے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد پر بھی اتفاق کیا ۔دوسری جانب جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی سفیر الیکسی یوری نے بھی ملاقات کی جس میں خطے کی سیکورٹی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ روسی سفیر نے پاک فوج کے 10 افسروں اور 2 جوانوں کو اعزازت سے نوازا، یہ اعزازات روسی کوہ پیما الیگزینڈر گو کوؤ کو بچانے کے اعتراف میں دیئے گئے۔ادھر روس کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان سے آدھی امریکی فوج کے انخلا کا فیصلہ صحیح سمت میں اہم قدم ہے۔ روس اس فیصلے پر امریکی عملدرآمد کا منتظر ہے کیونکہ امریکہ نے پہلے کبھی اپنے کئے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔