لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے کہا ہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید والد کے حوصلے بلند ہیں۔مریم نواز نے ٹوئٹر پر لکھا کہ آج والد نواز شریف سے ملنے کوٹ لکھپت جیل گئی تھی۔انہوں نے مزید لکھا کہ ماشا اللہ نواز شریف کے حوصلے بلند ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ والد سے پوچھا کہ گھر سے کچھ چاہیے، انہوں نے کہا کلثوم کی تصویر لا دیں۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ان کی والدہ شمیم بیگم، بیٹی مریم نواز، حمزہ شہباز اور ن لیگی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں، مریم نواز والد کیلئے گھر سے کھانا، میز، کرسیاں اور دیگر ضروری سامان بھی ہمراہ لائیں۔نواز شریف سے ملاقات کیلئے 1 بجےسے دوپہر 2 بجے تک کاوقت مقرر کیا گیا تھا، میاں جاوید لطیف سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی وقتاً فوقتاً ملاقات کیلئے پہنچتے رہے۔سنٹرل جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان مصنوعی وزیر اعظم ہیں، زیادہ دیر نہیں چلیں گے، جس لیڈر نے ملک کو ترقی دی اسے جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال نے ملاقات کے بعد نواز شریف کی ہمت کو داد دی اور کہا نواز شریف بھرپور حوصلہ میں ہیں، ممبر قومی اسمبلی رانا تنویر نے کہا کہ پی ٹی آئی والے شعبدہ باز ہیں، نواز شریف کیلئے قانونی جنگ لڑیں گے۔