نئی دہلی(امت نیوز) بھارت میں بی جے پی کے مسلمان رہنما نے مودی کیخلاف نعرے لگانیوالے معذور مزدور پر تشدد کے بعد اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ عدم برداشت کا واقعہ ضلع سمبھال میں اُس وقت پیش آیا،جب بی جے پی رہنما محمد میاں نے حکومت پرتنقید کرنے پر ایک معذور شخص کو نہ صرف ڈنڈے سے مارا بلکہ اُسے جیل بھی بھجوا دیا۔رپورٹ کے مطابق بی جے پی کارکنان سماج وادی پارٹی کیخلاف نعرے لگا رہے تھے کہ جواب میں وہاں موجود معذور ریڑھی بان منوج گجر نے وزیراعظم مودی اور وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیہ ناتھ کیخلاف نعرے لگائے، جس پر اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد جیل بھیج دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق بی جے پی لیڈر کی غنڈہ گردی کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے، جسے لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔