تخت بھائی (نمائندہ امت) چلاس کے مقام پر سوزوکی گہری کھائی میں گری جس کے نتیجے میں 5خواتین جا بحق ہو گئیں ۔ تمام خواتین کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو گلگت سے تخت بھائی آرہی تھیں جبکہ مرنے والوں میں 3بہنیں بھی شامل ہیں۔ میتیں پہنچنے پرجنازوں کے اعلانات پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔بد نصیب سوزوکی میں گلگت سے پیرسدی کے رہائشی عالم زیب اور نصیب شاہ اپنے خاندان سمیت پیرسدی تحصیل تخت بھائی آرہے تھے کہ چلاس کے مقام پر حادثہ کا شکار ہوگئے۔عالم زیب اور نصیب شاہ گلگت کے آبائی رہائشی ہیں جبکہ حال ہی میں تحصیل تخت بھائی میں پیرسدی گاؤں میں رہائش پزیرہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیرسدی کے رہائشی عالم زیب اور نصیب شاہ اپنے خاندان کے دیگر افراد سمیت اپنے آبائی علاقہ گلگت سے ایک سوزوکی میں واپس پیرسدی آرہے تھے کہ چلاس کے مقام پربدھ اور جمعرات کے درمیانی شب کو ان کی سوزوکی گہری کھائی میں گری جس میں عالم زیب کی تین صاحبزادیاں مسماة لیلیٰ، مسماة ثناء اور مسماة شیماء جبکہ نصیب شاہ کی پانچ سالہ صاحبزادی اور ان کی بیوہ بہن موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ نصیب شاہ شدید زخمی ہوگئے اطلاعات کے مطابق سوزوکی میں اس خاندان کے دوسرے افراد بھی زخمی ہوگئے ہیں جن کے بارے میں تفصیلات معلوم نہیں جمعرات اور جمعہ کے درمیانی رات کو حادثے میں جاں بحق ہونے والے پیرسدی کے مقام پراہلیان علاقہ نے قبریں کھودی میتیں پہنچائے جانے پر ان کو سپردخاک حادثے کی اطلاع ملتے ہی پورا علاقہ غم سے نڈھا ل اور ہر آنکھ اشکبارتھی۔