الطاف کا معاملہ برطانیہ – جنوبی افریقہ سے اٹھانے کا فیصلہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہےکہ بانی ایم کیوایم الطاف حسین نے جس طرح برطانیہ میں بیٹھ کر لوگوں کے قتل کے احکامات جاری کیے، ان معاملات کو برطانوی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے گا ،جب کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ کراچی میں جنوبی افریقہ کے گینگ بھی متحرک ہیں لہٰذا دفتر خارجہ یہ معاملہ جنوبی افریقہ کی حکومت کے ساتھ بھی اٹھائے گا،ان حکومتوں کی توجہ دلائی جائے گی کہ کس طرح ان کی زمین جرائم کے لیے استعمال ہورہی ہے۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم رہنماؤں کو سیکورٹی فراہم نہ کی تو رینجرز کو بطور گارڈز تعینات کیا جائے گا۔ جمعرات کووزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ،جس میں متعدد منصوبوں کی منظوری دی گئی ،جبکہ اہم فیصلے بھی کیے گئے، جن میں فرخ سبزواری کو چیئرمین سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن بنانے کی باقاعدہ منظوری سمیت شمالی وزیرستان میں موبائل فون بحال کرنے اور فاٹا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات جون سےقبل کرانے کا فیصلہ کیا گیا،وزیراعظم آفس میں کابینہ اجلاس کے دوران 20 نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم اور کابینہ ارکان نے علی رضا عابدی کے لئے دعائے مغفرت کی۔اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے کراچی کی صورتحال پر غور کیا، شہر میں کچھ گینگ دوبارہ متحرک ہوگئے ہیں،کراچی کا امن معیشت سے جڑا ہے، ہم شہر کے امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔فواد چوہدری نے مزید بتایا کہ وزیراعظم ہاؤس کو ابتدائی مرحلے میں ریسرچ سینٹر کے لیے دارالحکمتہ بنایا جائے گا۔ وفاقی دار الحکومت سے خواتین کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ایک ایک نشست بڑھانے کے لیے آئینی ترمیمی بل لایا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی اور اسلام آباد میں لگائے گئےکیمرے صحیح کام نہیں کررہے، ڈاکٹر عطاالرحمان کی سربراہی میں ٹیکنالوجی ٹاسک فورس بنائی جائے گی۔وفاقی کابینہ نے چین کی مارکیٹ میں پانڈہ بانڈز کے اجرا کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں عامر عظیم باجوہ کو پی ٹی اے میں ممبر ٹیکنیکل اور خاور صدیق کو ممبر انفورسمنٹ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔موبائل کمپنیوں کے لائسنسز کی تجدید کا معاملہ مؤخر کر دیا گیا۔ پندرہ جنوری کے بعد درآمد شدہ موبائل 10 فیصد کسٹم ڈیوٹی ادا کر کے رجسٹر کروائے جا سکیں گے۔

Comments (0)
Add Comment