نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)نیو یارک کے شہریوں کے بارے میں مشہور ہے کہ انہیں کوئی بھی چیز حیران نہیں کر سکتی۔ لیکن گزشتہ شب بجلی گھر کے جنریٹر میں دھماکے کے بعد خارج ہونے والی روشنیاں دیکھ کر لوگ یہ سمجھ بیٹھے کہ شاید خلائی مخلوق اتر آئی ہے ۔یہ نظارہ دیکھ ہر کوئی دنگ رہ گیا ۔ نیو یارک ٹائمز کے مطابق ایک دھماکے کی آواز سنائی دی، پھر ایک دھیمی آواز آئی۔ بتیاں جھلملانے لگیں، دھوئیں کے بادل آسمان پر چھا گئے اور پھر آسمان کا رنگ فیروزی پڑ گیا۔ رات کے وقت پیش آنے والے اس حیران کن واقعے نے لوگوں کو شش و پنج میں ڈال دیا، اور کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر یہ خیال ظاہر کیا کہ شاید کوئی خلائی مخلوق آخرکار زمین پر اتر آئی ہے۔ کچھ کا خیال تھا کہ پراسرار روشنی کے پیچھے کوئی آسیبی قوت بھی ہوسکتی ہے۔ لوگوں نے اسے مذہبی رنگ بھی دیا اور خیال ظاہر کیا کہ یہ حضرت عیسیٰؑ کی آمد کا عندیہ بھی ہوسکتا ہے۔ تاہم پولیس نے ٹوئٹر پر بتایاکہ یہ روشنی ایسٹوریا کے علاقے میں کان ایڈیسن بجلی گھر میں جنریٹر کے دھماکے کے بعد خارج ہوئی تھی۔