کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پولیس مقابلہ، اقدام قتل، ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سے متعلق کیس میں جرم ثابت ہونے پر مجرم سید وقار شاہ کو مجموعی طور پر 27 سال قید کی سزا کا حکم دے دیا۔ عدالت نے مجرم پر مجموعی طور پر ساڑھے 6 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔عدالت نے مفرور ملزم کاکا شاہ کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے ہیں۔گزشتہ سماعت پر وکلا طرفین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔دوران سماعت عدالت کی جانب سے فیصلہ سنایا گیا، جہاں استغاثہ ملزم کے خلاف جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہی۔استغاثہ کے مطابق 24اکتوبر 2016کو عابد گلزار نامی شہری نے شکایت درج کرائی کہ اسی روز میں نے لانڈھی بابر مارکیٹ میں واقع نجی بینک سے 99ہزار روپے نکلوائے اور مرتضیٰ چورنگی پر موٹر سائیکل پر سوار2ملزمان نے نقدی ، موبائل فون و دستاویزات چھین لیں۔مدعی مقدمہ نے ملزمان کا پیچھا کرتے ہوئے کورنگی نمبر 5کے قریب عوامی کالونی تھانے کی پولیس کو اطلاع کردی، جس پر پولیس نے کارروائی کرکے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جس کی شناخت سید وقار شاہ کے نام سے ہوئی۔ملزم سے مسروقہ مال برآمد ہوا۔