لائنز ایریا میں مہاجر موومنٹ کارکن کی ٹارگٹ کلنگ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) لائنز ایریا میں موٹر سائیکل سوار مہاجر موومنٹ کےسرگرم کارکن کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد فرار ہو گئے۔ مقتول کچھ عرصہ قبل ہی رہا ہوکر آیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق لائنزایریا جیکب لائن تھانوی مسجد کے قریب جمعرات و جمعہ کی شب موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے گھر کے باہر بیٹھےحماد عباسی کو 5گولیاں مار کر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق مقتول کے چہرے پیٹ اور ٹانگ پر گولیاں لگی ہیں ۔ مقتول مہاجر موومنٹ لائنز ایریا سیکٹر یونٹ 52 کا کارکن اور کے ڈی اے کا کنٹریکٹ ملازم تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ حماد دوستوں کے ساتھ گھر کے باہر بیٹھا تھا کہ ہیملٹ پہنے موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے نام پوچھنے کے بعد مقتول پر گولیاں چلا دیں ، تاہم حماد نے مزاحمت کرتے ہوئے ایک ملزم کو قابو کر لیا جس پر دوسرے ملزم نے عقب سے آکر مزید گولیاں ماریں جس سے وہ زمین پر گرگیا ۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 9خول ملے ہیں ۔ پولیس تمام زاویوں سے تفتیش کررہی ہے۔ دریں اثنا لائنز ایریا میں قتل ہونیوالے مہاجر موومنٹ کے کارکن حماد کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ جامع مسجد احتشامیہ مولانا تنویرالحق تھانوی نے پڑھائی جس کے بعد میت تدفین کیلئے آبائی علاقے روانہ کردی گئی ۔

Comments (0)
Add Comment