پی پی کا جارحانہ لہجہ جاری۔گھوٹکی جلسے میں پھر تنقید

گھوٹکی (نمائندہ امت) نام ای سی ایل میں ڈالنے کے باوجود پی پی کے جارحانہ لہجے میں کمی نہیں آئی۔ گھوٹکی جلسے میں ایک بار پھر تنقید کے نشتر برسائے گئے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کسی چیز سے گھبرانے کی کوئی بات نہیں ،کیونکہ پیپلزپارٹی کی قیادت کو کوئی ڈرا سکتا ہے اور نہ جھکا سکتا ہے، آپ کے کہنے سے پاکستان مضبوط نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اردو میں اس لیے بات کرتا ہوں کہ اسلام آباد میں بہرے، گونگے اور اندھے لوگ رہتے ہیں۔ اگر ہم نے 18 ویں ترمیم میں قدرتی وسائل میں صوبوں کو حق دیا تو گھوٹکی کا کیا قصور اس کا حق ان کو نہیں ملتا، یہ چھوٹی بات نہیں، اگر یہ بات نکلے گی تو دور تک جائے گی۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگوں کے ساتھ دشمنی کی جارہی ہے، سندھ حکومت وفاق سے اپنا حق لے کر رہے گی۔ عمران خان کو مسلط کرنا تھا تو پہلے حکومت کرنا سکھا دیتے، اب پیرنی سے کہو اسے یہ بھی بتا دے کہ حکومت کیسے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ نوازشریف کوسندھ پسند نہیں تھا،عمران خان کواس سے زیادہ سندھ پسند نہیں آرہا۔ جولوگ کہتے تھے کہ سندھ پرقبضہ کریں گے وہ سندھ سے بھاگ گئے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی قیادت متحد اور مضبوط ہے، سندھ حکومت اپناحق وفاقی حکومت سے لے کردکھائے گی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ لوگ سندھ میں پیپلزپارٹی کو ہرانا چاہتے تھے، لیکن لوگوں نے ایسا ہونے نہیں دیا، انہوں نے بتایا کہ سندھ کے لوگوں کو بھرپور طریقی سے الیکشن میں حصہ نہیں لینے دیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment