العزیزیہ ریفرنس اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(امت نیوز) مسلم لیگ (ن) نے العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس حوالے سے لاہور میں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی خواجہ حارث سے 5 گھنٹے طویل ملاقات بھی ہوئی، جس میں قانونی معاملات پر مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق بہت جلد خواجہ حارث کےتوسط سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی جائے گی اور سزا کے خلاف پٹیشن کی تیاری کے بعد مریم نواز اور خواجہ حارث کی ایک اور ملاقات بھی ہوگی۔دریں اثناء العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں فیصلوں کے خلاف اپیل سے پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئے بنچ تشکیل دے دیئے گئے، سردیوں کی چھٹیوں میں بھی ڈویژن بنچ سماعت کیلئے دستیاب رہے گا۔رجسٹرار آفس نے ابتدائی طور پر 4 جنوری تک کا ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا ہے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی 31 دسمبر اور یکم جنوری کو ڈویژن بنچ میں کیس سنیں گے۔جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی دو جنوری کو ڈویژن بنچ میں کیسز کی سماعت کریں گے۔تین جنوری کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور جسٹس عامر فاروق ڈویژن بنچ میں کیسز کی سماعت کریں گے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب 31 دسمبر سے چار جنوری تک چھٹیوں پر ہوں گے۔چیف جسٹس 31 دسمبر سے چار جنوری تک سنگل بنچ میں سماعت کریں گے۔ سنگل بنچ جسٹس عامر فاروق دو سے چار جنوری تک کیسز کی سماعت کریں گے۔جسٹس محسن اختر کیانی 31 دسمبر سے دو جنوری تک سنگل بنچ میں کیسز کی سماعت کریں گے۔ نیب ریفرنسز میں فیصلوں کے خلاف فریقین 4 جنوری تک عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔ 9 جنوری تک موسم سرما کی چھٹیوں کے باوجود ڈویژن بنچ سماعت کیلئے دستیاب رہے گا۔

Comments (0)
Add Comment