اسلام آباد (نمائندہ امت) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے مائیکرو فنانس کمپنیوں میں شکایات کے جلد ازالے کے نظام کی گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں۔اس نظام کی نگرانی ادارے کا ایک سینئر عہدیدار کرے گااس کے علاوہ، ایس ای سی پی نے نان بینکنگ مائیکروفنانس کمپنیوں کی برانچیں قائم کرنے کیلئےبھی ضروری ہدایات جاری کر دیں ہیں۔ سرکلر نمبر 23 میں واضح کی گئی ہدایات کے مطابق نان بینکنگ مائیکروفنانس کمپنیوں کے لئے لازمی ہے کہ اپنی برانچوں میں ایس ای سی پی سے رجسٹریشن اور لائسنس کا سرٹیفیکیٹ واضح اور نمایاں طور پر آویزاں کریں، کمپنیوں کیلئے یہ بھی ضروری ہے کہ سٹاف کو باقاعدہ تربیت فراہم کریں، برانچ میں سکیورٹی کا مکمل انتظام کریں اور قرضے کے حصول کی درخواست کو مکمل کرنے اور اس ضمن میں نافذ العمل شرائط سے صارفین کو آگاہ کرنے کے اقدامات کریں۔ ایس ای سی پی کے جاری کردہ سرکلر ادارے کی ویب سائٹ پر مہیا کر دئے گئے ہیں۔