لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگانے کا ابھی فیصلہ ہوا ہے نہ ہی پی ٹی آئی سندھ میں فارورڈبلاک کا حصہ بنے گی ۔وزیر ریلوے شیخ رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فیصل واوڈا نےکہا کہ مجھے شک ہے کہ علی رضا عابدی کو بانی متحدہ نے قتل کرایا جو کرمنل شخص ہے۔اپنے لوگ مار کر الزام دوسروں پر ڈالنا ان کا پرانا طریقہ ہے ۔علی رضا عابدی کے قاتل ہر صورت میں گرفتارہوں گے ، اس حوالے سے اچھی خبر جلد دیں گے۔بانی ایم کیو ایم کی باقیات کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔نواز شریف بھارتی وزیراعظم مودی کے سب سے بڑے دوست اورفوج کو بدنام کرنے والوں میں شامل ہیں۔ اس موقع پر شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام جرائم پیشہ افراد سے آصف زرداری کے رابطے ہیں۔ آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔میرا خیال تھا کہ بلاول اپنے والد کی پچ پر نہیں کھیلیں گے۔آصف زرداری نے جرائم میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔ اگر آصف زرداری نے بلاول کو استعمال کیا تو یہ افسوسناک ہوگا۔دوسرے چوروں کو 7 سال کی قید ہوتی، ہم میں سے کوئی چور نکلے تو اسے14برس قید ہونی چاہیے۔کوئی پی ٹی آئی والا بھی احتساب کی زد میں آئے تو اس کے خلاف ضرور کارروائی ہونی چاہیے۔