کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سیاست کو انتقام اور گالی بنانے کے بجائے ایک دوسرے کا احترام اور ملک وقوم کی خدمت کا ذریعہ بنانا چاہیے۔عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے سمیت سندھ کی محرومی کو ختم کرنا پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ذمہ داران بلدیاتی انتخابات کی تیاری اور عوام کو متبادل و دیانتدار قیادت فراہم کرنے کی جدوجہد تیز کردیں۔کراچی میں امن و امان کے قیام کے لیے موٴثر اقدامات کیے جائیں۔وہ قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی امیر محمد حسین محنتی، قیم کاشف سعید شیخ سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ مسائل کے حل اور تبدیلی کے لیے عوام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اسلامی نظام کا نفاذ اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو موجودہ بحران سے نکال سکتی ہے۔ دریں اثناء لیاقت بلوچ نے رکن جماعت اسلامی اور پاکستان بزنس فورم کے رہنماء انوار احمد کے گھر جاکر ان کی عیادت اور جلد صحتیابی کی دعا کی ہے ۔