کراچی (اسٹاف رپورٹر) کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ نہ رکنے کے خلاف مسلم اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن کراچی نے گرومندر سے پریس کلب تک ریلی نکالی اور کلب کے باہر مظاہرہ کیا ہے۔ شرکا نے ترنگا اور مودی کی تصاویر نذرآتش کیں۔ شرکا نے بینر اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، جن پر کشمیریوں کا قتل عام بند کرو، اقوام متحدہ کشمیر پر ظلم بندکراؤ، مودی سرکار مردہ باد، مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کے مرضی کے مطابق حل کیا جائے کے نعرے درج تھے۔ایم ایس او سندھ کے ناظم عنایت اللہ فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کشمیریوں پر مظالم بند کرے۔ انہوں نے عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ بھارتیمظالم کو مستقل بنیادوں پر رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ناظم کراچی فیضان شہزاد، ملک اشتیاق، محمد عادل، عبدالقدیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔