اپنا گھر اسکیم کیلئے پنجاب میں ٹاسک فورس قائم

لاہور( امت نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عزم اورحوصلہ بلند ہے،مسائل کی زیادتی اور وسائل کی کمی حائل نہیں ہوسکتی۔اپنا گھر پراجیکٹ چھت سے محروم شہری کے خوابوں کی تعبیرممکن بنائے گا۔ وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر ہاوٴسنگ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میاں محمودالرشید سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپناگھر پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے پنجاب انٹرڈیپارٹمنٹ کمیٹی سرگرم عمل ہے۔ پنجاب انٹرڈیپارٹمنٹ کمیٹی گھروں کے لئے جگہ کا تعین اورآسان قرضوں کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ابتدائی طورپر پہلے مرحلے میں تین شہروں کے بعددیگر علاقے بھی بتدریج اپناگھر پراجیکٹ میں شامل کیے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کیلئے پینے کے صاف پانی تک رسائی کیلئے اتھارٹی قائم کی جارہی ہے ۔ فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کیلئے مقامات کی نشاندہی مکمل کرچکے ہیں ۔میاں محمود الرشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کیلئے اپناگھر پراجیکٹ کا عہد نبھائے گی۔ملاقات میں سیاسی صورتحال اوردیگر سرکاری امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment