لاہور(امت نیوز) پی سی بی چیئرمین احسان مانی کی موجودگی میں شہریار خان کو پاک بھارت سیریز کی امید نظر آنے لگی۔سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے سابق صدر بورڈ کی کمان سنبھالنے کیلیے بہترین انتخاب ہیں، ایم ڈی وسیم خان کیلئے سب سے بڑا چیلنج پرانے چہروں کو تبدیلی کیلیے آمادہ کرنا ہوگا، بورڈ آف گورنرزکو قانونی چارہ جوئی کی جانب نجم سیٹھی نے دھکیلا۔تفصیلات کے مطابق ایک غیرملکی ویب سائٹ کوانٹرویو میں شہریار خان نے کہا کہ احسان مانی کے چیئرمین پی سی بی بننے سے پاک بھارت سیریز کے امکانات میں اضافہ ہوگیا، امید ہے کہ معاملات میں بہتری آئے گی، آئی سی سی کے سابق صدر مانی بورڈ کی کمان سنبھالنے کیلیے بہترین انتخاب ہیں،وہ اپنے تجربے اور دیانتداری کے ساتھ پاکستان کرکٹ کو پیشہ ورانہ انداز میں بلندیوں کی جانب لے کر جا سکتے ہیں،انھوں نے کہا کہ ایم ڈی وسیم خان سے چند سال قبل لیسٹر میں ملاقات ہوئی تھی، وہ ایک متاثرکن شخصیت کے مالک اور اس عہدے سے انصاف کرنے کی بھرپور صلاحیتیں رکھتے ہیں۔
٭٭٭٭٭