لاہور (امت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق اور اظہر علی کے ساتھ مبینہ طور پر غیر اخلاقی رویہ اختیار کیے جانے کی میڈیا رپورٹس کی تردید کردی۔پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق مینیجر طلعت علی کی سربراہی میں کام کرنے والی ٹیم مینجمنٹ، سنچورین میں جنوبی افریقا کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے کھلاڑیوں کے ساتھ خراب رویے کے الزامات کی سختی سے تردید کرتی ہے۔پی سی بی کے مطابق مکی آرتھر کے کھلاڑیوں کے ساتھ رویے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔پی سی بی کے مطابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر، ٹیم انتظامیہ، کپتان اور تمام کھلاڑی بہترین نتائج دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم پر مکمل طور پر متحد ہیں۔
٭٭٭٭٭