ڈہرکی میں کاری الزام پر شوہر نے بیوی مار دی

ڈہرکی (نمائندہ امت) اوباڑو کے کھنبڑا تھانے کی حدود گاؤں دولت پور میں شوہر نے اپنے بھائیوں سے ملکر سیاہ کاری کے الزام میں بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، کھنبڑا پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جنہیں علاقے کے بااثر شخص کی مداخلت پر بھاری رشوت کے عوض رہا کردیا، ملزمان کو رہا کرنے پر مقتولہ کے ورثا نے لاش کو ٹریکٹر ٹرالی میں لیکر قومی شاہراہ پر دھرنا دیا، جس سے سندھ اور پنجاب جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی،ڈی ایس پی اوباڑو مظاہرین کے پاس پہنچ گئے یقین دہانی کے بعد دھرنا ختم کیا گیا، تاہم یقین دہانی کے باوجود پولیس نے مقدمہ درج کیا نہ ہی ملزم دوبارہ گرفتار کئے۔ مقتولہ کے والد نے کہا کہ میری بیٹی کو بے گناہ شوہر عزیز اللہ بگٹی نے بھائیوں سے ملکر سیاہ کاری کا الزام دے کر فائرنگ کرکے قتل کیا ہے، انہوں نے کہا کہ میری بیٹی بے گناہ ہے اس پر جھوٹا الزام عائد کیا گیا، کھنبڑا تھانے کے ایس ایچ او نے 8لاکھ روپے رشوت لیکر گرفتار ملزمان کو رہا کیا ہے، پولیس نے مقدمہ بھی درج کرنے سے انکار کردیا، انہوں نے ایس پی گھوٹکی سے اپیل کی کہ ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری طرف ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علاقے کی بااثر شخصیت ممتاز خان مزاری کی مداخلت اور خفیہ ڈیل کے بعد ایس ایچ او کھنبڑا نے 8 لاکھ روپے لیکر گرفتار ملزمان کو رہا کیا ہے، خفیہ ڈیل کے بعد تھانے پر مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment