ڈیرہ اسماعیل خان(نمائندہ امت )متحدہ مجلس عمل کے صدرمولانافضل الرحمان نے کہاہے کہ جمہوری ملک میں میڈیا پر پابندی ڈکٹیٹرشپ کی علامت ہے ۔ ملک کی نظریاتی حیثیت کو ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی دباؤمیں آکر پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ اس پر عمل پیراہے ۔ناموس رسالت کے لیے جوعالم باہرنہیں نکلتا وہ عالم ہی نہیں ۔ قادیانیوں نے عمران خان کی حکومت آنے اورآسیہ ملعون کی رہائی پر خوشیاں منائیں۔ پاکستان صرف جرنیلوں ، اسٹیبلشمنٹ، سیکولرلوگوں کانہیں اورنہ ہی اسے کسی جرنیل نے بنایاہے ۔ مدارس کے کردارکوختم کرنے کے لیے ان پر دباؤڈالاجارہاہے ۔ہم ملک کی اسلامی نظریاتی حیثیت ،ختم نبوت ودیگراسلامی قوانین ،اسلامی ثقافت کو بچانے کے لیے میدان میں نکلے ہیں ۔ علماء خطباء وآئمہ حضرات اس دینی ذمہ داری میں ہماراساتھ دیں ۔ وہ ڈیرہ اسماعیل خان میں مدرسہ جامعہ المعارف الشرعیہ میں علماء ،خطباء اورآئمہ ۔ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس کی صدارت ممبرصوبائی اسمبلی مولانالطف الرحمان نے کی ۔ تقریب میں جے یوآئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری احمد خان کامرانی ، ممتازعلماء مولانااشرف علی ، مولاناقاضی خلیل احمد،قاری محمداسلم محمدی ،مولاناعبدالحلیم ،مولانامحمدفاروق ، مولانامحمدطیب،مولاناعبدالحلیم اکبری اورناظم انتخابات جے یوآئی پنجاب مولاناخلیل الرحمان درخواستی نے بھی شرکت کی ۔مولانافضل الرحمان نے کہاکہ موجودہ جعلی حکومت جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اسٹیبلشمنٹ نے بنائی ۔جے یوآئی کے امیدواروں کوزبردستی ہروایاگیا تاکہ پارلیمنٹ میں دینی آواز کو کمزورکیاجاسکے ۔انہوں نے کہاکہ مذہبی طبقہ جب سیاسی نہیں بنے گا وہ مذہب کا حق ادانہیں کرے گا۔مذہبی لوگ عمران خان اوران طاقتوں کے حق میں کنونسینگ نہ کریں جنہوں نے آسیہ ملعون کو رہائی دلوائی اورقادیانیوں کو شیر بنایا۔ وہ ریاست مدینہ نہیں بناسکتے ۔مذہبی لوگ واپس آجائیں اورحکومت کے خلاف اپنا مذہبی فریضہ انجام دیں ۔ ہماراساتھ دیں ۔ملک سیکولر خطرات میں گھراہواہے ۔بنگلہ دیشن جیسے واقعات سامنے آئیں گے ۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کوسازش کے تحت ہتھیاردے کراسلام کے نام پرلڑایاگیاپھر جنہوں نے ہتھیاردیے انہوں نے خود ہی ان نوجوانوں کودہشت گرد قراردے کر انہیں مروایا۔ صوفی محمدکے ساتھ بھی اسی طرح کیاگیا۔مقتدرقوتوں کواب یہ کھیل ختم کرناہوگا ۔انہوں نے علماء ،خطباء سے اپیل کی کہ وہ 27جنوری 2019کوڈیرہ اسماعیل خان کے ملین مارچ کے لیے تیاریاں شروع کردیں اورعوام اس پرامن جنگ میں جے یوآئی کاساتھ دینے کی ترغیب دیں ۔ملین مارچ کو کامیاب بنائیں گے۔ تقریب میں مولاناخلیل الرحمان ، قاری اسلم محمدی اوردیگرعلماء نے بھی ملین مارچ کی کامیابی کے لیے تجاویزدیں۔