علما کنونشنز کی کامیابی مدارس کیلیے مفید ثابت ہونگی۔مولانا عبدالرزاق اسکندر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاق المدارس العربیہ کے صدر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر نے کہا ہے کہ مدارس کی ملک گیر خدمات کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔مدارس کو درپیش مسائل کے حل کے لئے علماء کنونشنز کی کامیابی دینی اداروں کے لئے موثر و مفید ثابت ہوں گی۔اسلام کی تشریح اور امت کو خیر و بھلائی کی دعوت فکر دینا علماء کی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی ناظم مولانا امداداللہ یوسف زئی،، مولانا طلحہ رحمانی سمیت دیگر ذمہ داران کے مشاورتی اجلاس میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ثقافت کو پروان چڑھانے کی تدبیر کرنا بھی ہر مسلمان کی بھی ذمہ داری بنتی ہے۔دینی مراکز کی مضبوطی سے ہم اسلام کی حقیقی ریاست کی جانب قدم رکھ سکتے ہیں۔وفاق المدارس کے تحت پیغام مدارس اجتماعات دین، ملک و ملت کے لئے مفید ہیں، جو علماء کرام اس کے لئے محنت کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔ میڈیا کوآرڈینٹر طلحہ رحمانی کے مطابق صدر وفاق المدارس نے جامعہ دارالعلوم کراچی میں ہونے والے علماء کنونشن کے انتظامات پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ان اجتماعات کے بعد ملک کے مقتدر علماء کا اجلاس بھی بلایا جائے گا تاکہ تحفظات کے تدارک کے لئے مضبوط لائحہ عمل کا اعلان کیا جاسکے۔مولانا امداداللہ نے کہا کہ آئے روز مدارس کو بعض حکومتی انتظامیہ کوائف ناموں اور رجسٹریشن کے نام پر ہراساں کرتی ہے ۔حکومت کی قائم کردہ ٹاسک فورس میں مزید علماء کو شامل کر کے فعال کیا جائے تاکہ جلد حل طلب امور پر پیش رفت ہوسکے۔طلحہ رحمانی کے مطابق دارالعلوم کراچی میں علما کنونشن مفتی محمد رفیع عثمانی کی صدارت میں ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment