فلپائن کے جزیرے مینڈانا میں7.2 شدت کا زلزلہ-سونامی کی وارننگ جاری

منیلا (صباح نیوز)جنوبی فلپائن کے جزیرے مینڈانا میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 7.2 تھی، زلزلے کے بعد جزیرے کے اردگرد کے علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ۔زلزلے کا مرکز فلپائن سے 101 کلومیٹر جنوب مشرق میں 49 کلومیٹر زیر زمین تھا۔ پیسیفک وارننگ سونامی سسٹم کی جانب سے زلزلے کے مرکز سے 300 کلو میٹر تک کا علاقہ سونامی کی زد میں آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ۔حکومتی ایجنسیز کو ساحلی علاقوں میں مقیم لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات کر دی گئیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سونامی کی لہریں فلپائن کے ڈواسمیت انڈونیشیا کے جزیرے جیم اور تبوکن کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔واضح رہے انڈونیشیا اس سے پہلے بھی زلزلے کی تباہ کاریوں کی زد میں ہے، گذشتہ ہفتے انڈونیشیا کے جزیرہ پالو میں 7.5 شدت کے زلزلے اور اس کے بعد آنے والے سونامی طوفان سے 832 افراد ہلاک اور 540 زخمی ہو گئے تھے۔انڈونیشیا میں سونامی کے بعد آفٹرشاکس کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔

Comments (0)
Add Comment