اے این پی نے پختونوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ڈاکٹر عبدالقیوم

کراچی(رپورٹ: عطاء اللہ نسیم )قومی وطن پارٹی سندھ کے صدر ڈاکٹر عبدالقیوم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کراچی کے لاکھوں پختون قیادت نہ ہونے کے باعث پریشان ہیں۔پختونوں کے سروں کا سودا کرکے کھک پتی سے ارب پتی بننے والے مفاد پرستوں نے قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔متحدہ کے میئر تجاوزات کے خلاف آپریشن کی آڑ میں پختونوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ان کی دکانیں مسمار کی گئیں۔انہوں نے امت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پختونوں اور مہاجروں کو سازش کے تحت لڑوایا گیا تھا، جس کے نتیجے ہزاروں افراد لقمہ اجل بن گئے۔عوامی نیشنل پارٹی کے دور اقتدار میں پختون قوم کو پارٹی کے مفاد پرست رہنماؤں نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔2008 میں اے این پی کے مرکزی رہنما اسفندیار ولی خان نے ذاتی مفاد کے خاطر پارٹی کو مفاد پرست ٹولے کے حوالے کردیا، جس نے پختون قوم کے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنی تجویریاں بھریں۔مفاد پرست ٹولہ بے پناہ کرپشن کرتے ہوئے راتوں رات کھک پتی سے ارب پتی بن گیا۔ایک سوال پر عبدالقیوم خان نے کہا کہ پختون اب ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے نہیں ہوسکتے، کیونکہ سب سے بڑی وجہ قیادت کا فقدان ہے۔ہم نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دیا ہے۔کراچی میں مقیم پختونوں کے مسائل حل کرنا ہمارا مشن ہے۔کراچی سمیت سندھ بھر میں پارٹی کو مضبوط کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment