العزیزیہ ریفرنس میں اپیل پر نوازشریف کی وکلاسے مشاورت

لاہور (امت نیوز) کوٹ لکھپت جیل لاہور میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے وکلاء نے ملاقات کی۔ ملاقات میں العزیزیہ ریفرنس کی سزا کے خلاف اپیل پر مشاورت کی گئی جبکہ میاں نواز شریف کے خلاف تفصیلی فیصلے کے اہم نکات پر بھی مشاورت کی گئی، ملاقات میں نیب کی جانب سے دیئے جانے والے ریمارکس کا بھی جائزہ لیا گیا۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے میاں نواز شریف کی جانب سے اپیل کب فائل ہو ابھی اس بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔وکلا ٹیم کی قیادت خواجہ حارث نے کی، ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں فلیگ شپ کیس میں نوازشریف کی بریت اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا پر بات چیت ہوئی، اور احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔قبل ازیں جمعہ کو لاہور میں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی خواجہ حارث سے 5 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی تھی جس میں قانونی معاملات پر مشاورت کی گئی، اور فیصلہ کیا گیا کہ بہت جلد خواجہ حارث کےتوسط سے العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کے خلاف فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment