سپریم کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا

لاہور(امت نیوز) سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق کیس کا عبوری حکم نامہ جاری کردیا۔عدالت نے اپنے عبوری حکم میں تمام جعلی بینک اکاؤنٹس کا ریکارڈ قبضے میں لے کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے جب کہ عدالت نے ایسے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے بھی احکامات دیے ہیں جن کی جے آئی ٹی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے۔عبوری حکم کے مطابق عدالت نے اکاؤنٹس کی تمام بینک ٹرانزیکشنز کی مانیٹرنگ کاحکم اور دیتے ہوئےکیس سے متعلق تمام جائیدادوں کی خرید و فروخت پر پابندی بھی عائد کردی۔ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ ایسی تمام پراپرٹیز جن کا براہ راست یا بلا واسطہ مالی فوائد سے تعلق رہا ہے ان کی خرید و فروخت پر پابندی ہوگی۔دوسری جانب سپریم کورٹ میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت 31 دسمبر کو ہوگی۔چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ سماعت کرے گا اور اس سلسلے میں اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم آفس نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملوث آصف علی زرداری، بلاول بھٹو، فریال تالپور، حسین لوائی، امتیاز شیخ، قائم علی شاہ ، مراد علی شاہ، مکیش کمار چاولہ، سہیل انور سیال، سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادر سمیت 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment