سال نو کیلئے پولیس سرپرستی میں کروڑوں کی غیر ملکی شراب ذخیرہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں سال نو کیلئے ڈیلرز نے کروڑوں روپے مالیت کی غیرملکی شراب ذخیرہ کرلی، مختلف ممالک کے قونصل خانوں سے بھی کثیر مقدار میں شراب خریدی گئی ہے، کراچی میں غیرملکی شراب کا سب سے بڑا ڈیلر شہباز 10سال سے پولیس کی سرپرستی میں اپنا دھندہ کررہا ہے، غیرملکی شراب ڈیلرز نے خیابان شہباز ڈیفنس میں کاروباری سیٹ اپ لگا رکھا ہے، جہاں 30 رائیڈرز ہوم ڈلیوری کاکام کرتے ہیں، سال نو پر پوش علاقوں میں منعقدہ پارٹیوں کے آرگنائزرز نے شہباز کے پاس پیشگی بکنگ کروالی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ شہباز ڈیفنس اور کلفٹن کے 6 تھانوں کے انچارجز اور ڈی ایس پیز کو سرپرستی کےعوض لاکھوں روپے ماہانہ بھتہ دیتا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کے راستوں سے اسمگل ہوکر آنے والی غیرملکی شراب کی سب سے بڑی کھیپ شہباز کےگوداموں میں رکھی جاتی ہے، شہباز نے ڈیفنس فیز ii اور فیز iv مسلم کمرشل اور سحر کمرشل کے فلیٹس میں شراب کے گودام بنائے ہوئے ہیں، سابق ڈی آئی جی سائوتھ آزاد خان نے جب شہباز کیخلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا تو وہ ملک سے فرار ہوگیا تھا۔ اب اس نے دوبارہ اپنا کاروبار شروع کردیا ہے، پولیس کی جانب سے شراب کیخلاف صرف نمائشی آپریشن کئے جاتے ہیں، جبکہ مغرب کے وقت سے شروع ہونے والی شراب کی ڈلیوری رات 2بجے تک جاری رہتی ہے۔

Comments (0)
Add Comment