اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان آئندہ ہفتے ترکی کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے ۔ وہ ترک صدر سے ملاقات کے علاوہ ترک سرمایہ کاروں سے خطاب بھی کریں گے ۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان 3 سے 4 جنوری تک ترکی کا سرکاری دورہ کریں گے ۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم کو دورے کی دعوت ترک صدر رجب طیب اردگان نے دی ہے، جس میں وزیراعظم کے ہمراہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی ہوں گے ۔وزیراعظم وہاں ترک صدر سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ دونوں سربراہوں کی ملاقات میں علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر بات چیت ہوگی۔ عمران خان انقرہ میں بزنس فورم سے خطاب اور ترک سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔