اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )ایف آئی اے نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں مزید شواہد کے حصول کے لیے وقت نہ دینے کے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ایف آئی اے کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی اپیل میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ مزید شواہد کے حصول کے لیے برطانیہ سے رابطے میں ہیں، قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے استغاثہ کو بھرپور کیس پیش کرنے کا موقع دیا جائے،دوملکوں کے درمیان رابطے جاری ہیں، مزید شواہد کے لیے تین ماہ کا وقت درکار ہے۔درخواست میں انسداد دہشتگردی کی عدالت اور ملزمان کو فریق بنایا گیا ہے، انسداد دہشتگردی عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست مسترد کردی تھی۔ ایف آئی اے نے اے ٹی سی سے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں برطانیہ سے مزید شواہد اکٹھا کرنے کے لیے 3 مہینے کی مہلت مانگی تھی۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی ہے کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے استغاثہ کو بھرپور کیس پیش کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔ درخواست میں انسداد دہشت گردی کی عدالت اور ملزمان کو فریق بنایا گیا ہے۔