بلیک واٹر نے واپسی کا اعلان کردیا- پاکستان میں دہشت گردی کا خطرہ

واشنگٹن (مانیٹرمگ ڈیسک) کرائے کے قاتل کے طور پر کام کرنے کے لیے بدنام امریکہ کی متنازعہ سیکورٹی کمپنی بلیک واٹر نے ہتھیاروں کے ایک عالمی میگزین میں پورے صحفے کا اشتہار شائع کرایا ہے جس میں کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ واپس آرہی ہے اس اعلان کے بعد پاکستان میں دہشتگردی کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ اس اعلان اور امریکی حکومت کے بعض حالیہ فیصلوں کے سبب واشنگٹن سے ماسکو تک یہ خبریں پھیل گئی ہیں کہ امریکہ نے افغانستان اور مشرق وسطیٰ کی جنگیں بلیک واٹر کو ٹھیکے پر دے دی ہیں اور اسی وجہ سے افغانستان اور شام سے اپنے فوجی نکال رہا ہے۔ بلیک واٹر کی جانب سے اشتہار بندوقوں کے لیے مشہور میگزین ری کوائل (Recoil) میں دیا گیا۔ پورے صفحے کا اشتہار سیاہ رنگ کا ہے جس پر صرف یہ لکھا ہے، We are coming (ہم آرہے ہیں) ۔ اس عبارت کے نیچے بلیک واٹر کا مخصوص لوگو ہے جو بلیک واٹر کے نام اور اس کے مخصوص علامت بھیڑیے کے پنچے کے نشان پر مبنی ہے۔ یہ اشتہار ری کوائل میگزین کے جنوری 2019 کے شمارے میں شائع ہو رہا ہے۔ یاد رہے کہ بلیک واٹر نے 2000 کے عشرے کے ابتدائی برسوں میں عراق اور افغانستان میں اپنی غیرقانونی کارروائیوں کی وجہ سے کافی بدنامی کمائی تھی۔ عراق کے شہر فلوجہ میں اس کے کرائے کے جنجگو شہریوں کے قتل عام میں ملوث رہے۔ افغانستان میں موجود اس کے نجی فوجی امریکی افواج کی مدد کرتے رہے جبکہ مبینہ طور پر اس تنظیم نے پاکستان میں کئی دہشت گرد کارروائیاں کی۔ اکتوبر 2009 میں پشاور کے قصہ خوانی بازار ایک ہولناک بم دھماکے سے سو سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے اور اس دھماکے میں بلیک واٹر کا نام لیا گیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment