کابل (امت نیوز)امریکا اور طالبان نمائندوں کی اگلی ملاقات جنوری میں سعودی عرب میں ہوگی، اس حوالے سے طالبان نے تصدیق کر دی، ساتھ ہی طالبان نے افغان حکومتی نمائندوں سے ملنے سے صاف انکار کر دیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے طالبان لیڈرشپ کونسل کے رکن کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل مذاکرات کا نیا دور اگلے ماہ سعودی عرب میں ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ جنوری میں امریکی نمائندوں سے سعودی عرب میں ملاقات کریں گے، ملاقات میں ابوظبی مذاکرات میں نامکمل رہ جانے والی بات چیت دوبارہ شروع ہوگی۔انھوں نے کہا کہ تمام فریقین پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ہم افغان حکومت سے بات نہیں کریں گے۔یادرہے کہ رواں ماہ طالبان اور امریکی نمائندوں کی ابو ظبی میں ملاقات ہوئی تھی جس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے نمائندے بھی شریک تھے۔