کراچی (رپورٹ/ رفیق بلوچ) لیاری میں 4میں سے 3 آراو پلانٹس ناکارہ ہوگئے ، دوسری جانب واٹر بورڈ کےناغہ سسٹم نے پانی بحران میں اضافہ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کے ٹیل کے علاقوں ماری پور روڈ نزد پیپلز اسٹیڈیم، لیاری گراڈاسٹیشن سے متصل، ٹیزی روڈ کلری اور میراں ناکہ میں 2012ء کو آراو پلانٹس لگائے گئے تھے ،تاکہ ٹیل پر آراو پلانٹس کے ذر یعے پانی کی فراہمی یقینی بنا ئی جا سکے ،تاہم ڈ یڑھ سال میں ہی پلانٹس کا نظام بہتر ہونے کے بجائے بد ترہو گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ آراو پلانٹ کی نگران فرم نے من ٹیننس کی طرف توجہ نہیں دی ،جس کی وجہ سے پلانٹس کی استعداد کم ہوتی چلی گئی ۔ 10روز میں 4میں سے 3آراو پلانٹس مکمل طور پر ناکارہ ہو گئے ،جبکہ باقی ایک پلانٹ کی استعداد صرف25فیصد رہ گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق اس میں بھی واٹر بورڈ کے ٹینکروں کے ذریعے اسٹوریج ٹینک میں پانی ڈالا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ لیاری کے 70 فیصد علاقوں میں لائنوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ شہر میں ناغہ سسٹم کے باعث لیاری میں بھی اس پر 50فیصد عملدر آمد ہو رہا ہے۔اسی لئے مکینوں کو پانی کی کمی کاسامنا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لیاری ایکپریس وے کے ساتھ 18قطر انچ لائن کا 40فیصد پانی ضلع غربی کیلئے چوری کیا جارہا ہے۔ پانی کا پیشتر حصہ سائٹ کے علاقوں کے فیکٹری اور کارخانوں کو فراہم کیا جارہا ہے۔ جبکہ صوبائی وزیر بلدیات نے چوری روکنے کے لیے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس پانی کو لیاری ندی سے نکال کر مرزا آدم روڈ پر منتقل کیا جائے گا۔