عرب اتحاد نے 2 علاقے آزاد کرالئے – 11 حوثی ہلاک

صنعا (خبر ایجنسیاں) یمن میں سرکاری افواج اور عرب اتحاد نے حوثی باغیوں کا گھیرا تنگ کرتے ہوئےشمال مغربی صوبے حجہ کے سرحدی شہر حرض کے مشرق میں نئے علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے، جھڑپ میں11حوثی جنگجوؤں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق یمنی فوج اور عرب اتحادنے اچانک حملہ کر کے حرض شہر اور المخازن گاؤں کے اندر حوثی ملیشیا کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا اور یمنی فوج کے ہراول دستے حیران کے محاذ پر پہنچ گئے۔اس دوران لڑائی میں باغی حوثی ملیشیا 11جنگجو مارے گئے ہیں۔ ادھر یمن کی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل عبداللہ النخعی نے کہا ہے کہ تمام اہداف پورے ہونے، آئینی حکومت کا مکمل کنٹرول واپس آنے، بغاوت کا خاتمہ ہونے اور شورش زدہ ملک میں امن و استحکام یقینی بنائے جانے تک مختلف محاذوں پرعسکری کارروائیاں جاری رہیں گی۔ النخعی نے مارب صوبے میں صراوح کے محاذ پر عسکری کارروائیوں اور ان کے نتیجے میں یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں کی کامیابیوں کو سراہا۔

Comments (0)
Add Comment