کراچی (اسٹاف رپورٹر)حسین آباد میں کے ایم سی کلرک کی ٹارگٹ کلنگ ،مسلح ملزمان فرار ہو گئے۔عزیز آباد تھانے کی حدود حسین آباد فوڈ اسٹریٹ پر موٹر سائیکل پرجانےوالے شخص کو مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور باآسانی فرار ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ایس ایچ او وقار قیصر نے بتایا کہ اسپتال میں مقتول کی شناخت 44 سالہ سید واجد علی ولد سید اعجاز علی کے نام سے کی گئی ہے ۔ وہ گلزار ہجری کا رہائشی تھا اور کے ایم سی میں کلرک تھا۔وہ گھر سے معمول کے مطابق موٹر سائیکل پر دفتر جارہا تھا کہ حسین آباد فوڈ اسٹریٹ پر پہنچا تو اس کے تعاقب میں آنیوالے موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مقتول کو سات گولیاں لگی ہیں ۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے10 خول تحویل میں لیکر فرانزک کے لیے بھیج دیئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا معلوم ہوتا ہیں اور مقتول کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ وہ متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن تھا لیکن ابھی تک تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔