کیپ ٹاؤن(امت نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم سلیکشن پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر میں ٹھن گئی۔ذرائع کے مطابق کپتان سرفراز احمد نے اسد شفیق کو ڈراپ کرنے سے انکار کردیا ہے اور کپتان کو سینئیر کھلاڑیوں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ذرائع کا کہنا ہیکہ کوچ مکی آرتھر اظہر علی اور اسد شفیق سے دوبارہ بات کرنے پر ہچکچاہٹ کا شکار ہیں اور مکی آرتھر کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں محمد رضوان کو کھیلانے کے خواہش مند ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سنچورین ٹیسٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمینوں کی بدترین کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر جذبات پر قابو نہ پاسکے اور ان کی کپتان سرفراز احمد سمیت سینئر کھلاڑیوں سے شدید جھڑپ ہوئی تھی جس کے بعد معاملہ گالم گلوچ تک پہنچ گیا تھا۔مکی آرتھر اس قدر غصے میں تھے کہ انہوں نے تمام اخلاقی حدود پار کردی تھیں اور ڈریسنگ روم میں چیزیں اٹھا کر پھینک دی تھیں۔