جعلی اسلحہ لائسنس۔پرمٹ بنانیوالے ڈیلر۔سرکاری ملازم سمیت 4 گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اے وی سی سی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی اسلحہ لائسنس اور پرمٹ بنانے والے اسلحہ ڈیلر اور سرکاری ملازم سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرکے جعلی لائسنس برآمد کرلئے۔ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں سندھ بالخصوص کراچی میں جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے لیے جعلی اسلحہ لائسنس بنانے کا انکشاف کیا ہے ۔آئی جی نے ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اینٹی وائلینٹ کرائم سیل پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران جعلی اسلحہ اور پرمٹ بنانے والے گروہ کے 4کارندوں کو گرفتار کرکے جعلی اسلحہ لائسنس و دیگر سامان برآمد کرلیا۔اے وی سی سی پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے جعلی اسلحہ لائسنس اور پرمٹ بنانے کا کام کرتے ہیں اور انہوں نے جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کو بھی لائسنس اور پرمٹ بناکر دیے ہیں۔ گرفتار ملزمان میں اسلحہ لائسنس ڈیلر اور سرکاری ملازم بھی شامل ہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 01/19سی آئی اے/ اے وی سی سی میں درج کرلیا۔ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کردی ہے۔ ایس ایس پی فدا حسین جانوری نے رابطے پر ملزمان کی شناخت بتانے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے جعلی اسلحہ لائسنس برآمد ہوئے ہیں۔ملزمان سندھ بالخصوص کراچی میں جعلی اسلحہ لائسنس شہریوں کو بناکر دیتے تھے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان میں عاطف، نواز، عدنان اور جلبانی شامل ہیں، جن کی صدر لکی اسٹار کے قریب شنگھائی ٹی اینڈ ٹی کے نام سے دکانیں ہیں۔ملزمان عرصہ دراز سے جعلی اسلحہ لائسنس بنا رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق صدر میں مزید دکاندار بھی جعلی اسلحہ لائسنس بنوا رہے ہیں، جن کے خلاف کارروائی جلد عمل میں لائی جائے گی۔دوسری جانب آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے کارروائی پر سی آئی اے کراچی کی کارکردگی کو سراہا اور ڈی آئی جی سی آئی اے کے لیے 2لاکھ روپے، ایس ایس پی اے وی سی سی کے لیے ایک لاکھ، جبکہ ٹیم میں شامل 13دیگر ممبران کے لیے 50 ، 50 ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment