کراچی (امت نیوز)پاکستان میں پہلی مرتبہ قبر پر بار کوڈ کے ذریعے اس میں مدفن مردے کی زندگی کے بارے میں معلومات حاصل کرنے والی ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے۔یہ قبرپاکستان میں جزام کا علاج کرنے والی جرمن ڈاکٹر ڈاکٹر رتھ فاؤ کی ہے ۔ڈاکٹر فاؤ کی قبر پر ’بار کوڈ‘ لگایا گیا ہے جس کو موبائل فون سے اسکین کیا جاسکتا ہے، یہ بار کورڈ اسکین کرنے کے بعد اس تعارفی مواد کی جانب لے جائے گا جس پر ڈاکٹر روتھ فاؤ کی زندگی کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہیں۔شاید آنے والے دنوں میں یہ ٹرینڈ قبر پر نام سے بنائی جانے والی تختیوں کی جگہ لے لے لیکن اس سے پہلے کراچی میں ہی ایک سافٹ انجینئر کی جانب سے آن لائن سہولیات سے مزین قبرستان متعارف کرایا گیا تھا۔اس کی خاص بات یہ تھی کہ آپ دنیا بھر سے کسی بھی وقت اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کر سکتے ہیں جس کیلئے بس کوڈ انٹر کریں تو سافٹ وئیر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے آپ کی مطلوبہ قبر سامنے لے آئے گا اور پھر آپ فاتحہ خوانی کریں۔اس قبرستان میں تدفین اور یہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے معاوضہ ادا کرنا پڑتا ہے اور اس سے قبل جاپان میں بھی ایک جدید ترین قبرستان متعارف کرایا گیا تھا ۔