نیو ائیرنائٹ پر فائرنگ میں ڈاکس تھانے کے2 اہلکار ملوث نکلے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیو ایئر نائٹ کی خوشی میں پولیس اہلکاروں کی ڈاکس تھانے کے سامنے ہوائی فائرنگ کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، ویڈیو میں دو اہلکاروں کو فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ ڈاکس پولیس پیٹی بند بھائیوں کے خلاف کارروائی کے بجائے سکھر سے کراچی آنے والے تین نوجوانوں پر چوری کا مبینہ الزام لگاکر تھانے لے گئی۔ ویڈیو میں پولیس اہلکار عاصم اور فیصل فائرنگ کرتے دکھائی دے رہے ہیں، پولیس اہلکار عاصم فارن سیکورٹی یونٹ میں تعینات جبکہ پولیس اہلکار فیصل ویسٹ زون میں تعینات ہے، ڈاکس پولیس نے تاحال دونوں اہلکاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جبکہ سکھر سے کراچی نیو ائیر کاجشن دیکھنے کے لیے آنے والے تین نوجوانوں حسن چیمہ، ناصر چیمہ اور بدر چیمہ کو ڈاکس پولیس کے اہلکار چوری کا الزام لگا کر تشددکا نشانہ بنایا اور تین گھنٹے تک حوالات میں بند رکھنے کے بعد ان سے 50ہزار نقدی ،3مہنگے موبائل فون اور گھڑیاں چھین کر اس شرط پر رہا کیاکہ وہ کسی افسر سے شکایت نہیں کریں گے، ایس ایچ او پرویز سولنگی نے رابطے پر بتایا کہ انہیں اس حوالے سے کوئی اطلاع نہیں ہے، تاہم متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ کیا آئی جی سندھ پولیس کی زیادتی کا نوٹس لیں گے۔

Comments (0)
Add Comment