کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے باغ ابن قاسم میں زیر تعمیر ریسٹورنٹ کی مسماری کے خلاف میسرزپرل بلڈرز پرائیویٹ لمیٹڈ کی حکم امتناع کی متفرق درخواست مسترد کردی۔ منگل کو جسٹس محمد جنید غفار کی سر براہی میں جسٹس یوسف علی سعید پر مشتمل دو رکنی بینچ نے باغ ابن قاسم میں زیرتعمیرریسٹورنٹ کی مسماری کےخلاف میسرزپرل بلڈرز پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔ فاضل عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے) کو تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ سماعت کے دوران عدالت کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹ کے لیے زمین لیتے وقت قواعد پورے نہیں کیے گئے تو ہم کیسے آپریشن روک سکتے ہیں۔ درخواست گزار کو اگر تحفظات ہیں تو سپریم کورٹ سے رجوع کریں۔ علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عارف علوی کے صدر پاکستان منتخب ہونے کے خلاف درخواست کی سماعت 21جنوری تک ملتوی کردی۔