تحریک لبیک کیخلاف اقدامات کے حوالے سے دائر پٹیشن ناقابل سماعت قرار

راولپنڈی(امت نیوز) عدالت عالیہ راولپنڈی بنچ کے جسٹس شاہد محمود عباسی نے تحریک لبیک کے خلاف حکومتی اقدامات کے حوالے سےرٹ پٹیشن ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کرنے کا حکم دیا جبکہ چیئرمین ڈیفنس آف پاکستان نے درخواست میرٹ پر ہونے کا اصرار کرتے ہوئے جسٹس شاہد محمود عباسی پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا تاہم عدالت نے سماعت ملتوی کر دی ۔ سماعت کے آغاز میں درخواست گزار حافظ احتشام احمد اور جسٹس شاہد محمود عباسی کے مابین تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد جسٹس شاہد عباسی نے پٹیشن لاہور ہوئی کورٹ دائر کرنے پر اصرار کیا۔ادھر درخواست گزار نے پٹیشن واپس لینے سے انکار کر دیا۔دوران سماعت جسٹس شاہد محمود عباسی نے کہا کہ آسیہ مسیح کیس کے فیصلے پر کچھ لوگوں نے احتجاج کیااس لئے انہیں حراست میں لیا گیاآپ کی پٹیشن میری نظر میں قابل سماعت نہیں ۔ راولپنڈی بینچ میں تو بالکل بھی قابل سماعت نہیں ۔ حافظ احتشام احمد نے جواب دیا کہ گزشتہ سماعت پر جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے پٹیشن کو قابل سماعت قرار دیا تھا اور انہوں نے کیس کے متعلق رولنگز طلب کی تھیں جو میں آج پیش کرنا چاہتا ہوں۔جسٹس عباسی نے کہا کہ جسٹس ملک شہزاد احمد خان صاحب کی کوئی مجبوری ہوگی انہوں نے کسی مجبوری کی وجہ سے آپ کی پٹیشن کو خارج نہیں کیا ہوگا۔ راولپنڈی کی حدود میں کوئی زیادتی نہیں ہوئی،گجرات،لاہور اور دیگر شہروں میں کسی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے تو لاہور ہائیکورٹ جائیں ۔

Comments (0)
Add Comment