تحریک انصاف پہلے اپنے اراکین کو سنبھالے- وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ تحریک انصاف پہلے اپنے اراکین اسمبلی کو سنبھالے،پی ٹی آئی اراکین اپنے لیڈرکے بچگانہ پن کی وجہ سے نالاں ہیں، میں سمجھ رہا تھا کہ یہ لوگ سدھر جائیں گے،مگر یہ نہیں سدھریں گے ۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ ای سی ایل میں نام نکالنے کا کیا کرتی ہے اس کا علم مجھے نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہیئے کہ وہ معیشت اور وصولی بہتری پر توجہ دے، فنڈز نہیں ہوں گے تو ڈولپمنٹ کا کام کیسے ہوگا؟ان کا کہنا تھا کہ ای سی ایل میں نام ڈال کر چاہتے ہیں ترقیاتی کام نہ ہوں، ہماری حکومت کوئی نہیں گراسکتا، 49 کیا ہمارا ایک بندہ بھی نہیں جائے گا۔ سندھ حکومت کی تبدیلی کے حوالے سے مراد علی شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان وفاداریاں تبدیل کرنے کی بات اس لیے کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے اس حوالے سے قانون پڑھا ہی نہیں۔ دوسری جانب حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی رہنما مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ سندھ میں مصنوعی گورنر راج کی کوشش پہلی بار نہیں ہے، ایک وزیر کہتا ہے صوبے کا پانی بند کردیں گے، سندھ کا پانی بند کرنا آسان کام نہیں ہے، سندھ کی حکومت گرانے آنا چاہتے ہیں تو آجائیں، سندھ حکومت گرانے والے اپنی بھی خیر منائیں۔پی پی رہنما نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کا انداز حکومت صحیح نہیں ہے، پی ٹی آئی کی حکومت عوام سے کیے وعدے پورے کرے۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے بھی کہا صرف جے آئی ٹی کی رپورٹ پر حکومت گرانے نہیں دیں گے، اگر سندھ کی حکومت گرانے کی کوشش کی، تو آپ بھی نہیں رہیں گے۔

Comments (0)
Add Comment