فورتھ شیڈول کی ازسر نو فہرست تیار کرنے کا فیصلہ

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) حکومت سندھ نے مشکوک افراد (فورتھ شیڈول) کی فہرست میں شامل تقریباً470افراد کے ریکارڈ کا جائزہ لے کر ازسر نو فہرست تیار کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ۔ مشکوک سرگرمیوں کے حوالے سے کلیئر ہونے والے افراد کے نام فہرست سے خارج کئے جائیں گے۔ اس ضمن میں باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی تعداد تقریباً 470ہوگئی ہے ۔ مذکورہ فہرست میں ان افراد کے نام شامل کئے جاتے ہیں۔ جن کی دہشت گردی وغیرہ کے حوالے سے سرگرمیوں کو مشکوک سمجھا جاتا ہے اور ایسے افراد کے نام صوبائی محکمہ داخلہ اسپیشل برانچ پولیس کی موصول ہونے والی سفارشات کے بنیاد پر شامل کئے جاتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ فورتھ شیڈول کی فہرست کسی بھی شخص کا نام تین برس تک شامل رکھا جاسکتا ہے ۔ تین برس مکمل ہونے کے بعد متعلقہ اداورں نے اگردوبارہ سفارش کی صورت میں ایسے افراد کے نام پھر سے شامل کئے جاتے ہیں ۔ بصورت دیگر ان کے نام خارج کئے جاتے ہیں اور فورتھ شیڈول کی فہرست میں جن افراد کے نام شامل کئے جاتے ہیں ان کی سرگرمیوں کو مختلف حوالوں سے ناصرف مانیٹر کیاجاتا ہے ، بلکہ ایسے افراد متعلقہ تھانوں کی اجازت کے بغیر متعلقہ اضلاع سے باہر بھی نہیں جاسکتے اور انہیں متعلقہ تھانوں وغیرہ کی جانب سے دی گئی مدت کے دوران پیش بھی ہونا پڑتا ہے۔ ذرائع کاکہناہے کہ ان مذکورہ فہرست میں شامل افراد کے ریکارڈ کا ازسر نو جائزہ لینے ضرورت ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے کلیئرنس ملنے پر ان افراد کےنام فہرست سےخارج کئے جاسکتے ہیں اور پولیس کی سفارش پر مزید نئے افراد کے نام بھی شامل ہوسکتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment