ایف سی ٹریننگ سینٹر لورالائی پر حملی کرنیوالے 4دہشت گرد مارے گئے-4اہلکار شہید

کوئٹہ(امت نیوز/مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے ضلع لورالائی میں ایف سی ٹریننگ سینٹر پرحملہ کرنے والے 4 دہشت گرد مارے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں4 سیکورٹی اہلکار شہیداور2 زخمی ہوئے۔سیکورٹی فورسزنے دہشت گردوں کو مرکزی دروازے پر ہی روک دیا تھا، جس سے وہ رہائشی اورانتظامی کمپاؤنڈ میں داخل ہونے میں ناکام رہے۔ حملے کے بعد فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا اور مشتبہ افراد کی نگرانی شروع کردی ، جبکہ صوبے میں حساس مقامات کی سیکورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق لورالائی میں واقع ایف سی ٹریننگ سینٹرکے رہائشی اور انتظامی کمپاؤنڈ پر دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی ، تاہم سیکورٹی فورسز نے کمپاؤنڈ کو فوری طور پر محاصرے میں لے لیا اور کارروائی کرتے ہوئےتمام دہشت گردوں کو رہائشی علاقے کے داخلی دروازے پر ہی روک دیا ، جس سے وہ اپنے ہدف تک نہیں پہنچ پائے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کے پاس خود کش جیکٹیں بھی تھیں۔فورسز نے بروقت ایکشن کر کےبڑا جانی نقصان بچا یا۔ حملے میں ناکامی پر دہشت گردوں نےاندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 جوان شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔شہدا میں صوبیدار میجر منور، حوالداراقبال خان، حوالدار بلال اور سپاہی نقشب شامل ہیں۔ فورسز کی جوابی فائرنگ سے3 دہشت گرد مارے گئے ، جبکہ چوتھے نے آخر میں خود کو دھماکے سے اڑادیا۔ حملے کے بعد فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا اور مشتبہ افراد کی نگرانی شروع کردی ہے۔ جبکہ صوبے میں حساس مقامات کی سیکورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔دریں اثنا بی بی سی کے مطابق لورالائی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ چار دہشت گردوں نے صبح سویرے ایف سی ٹریننگ سینٹر پر حملہ کیا۔شہید سیکورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جسد خاکی آبائی علاقوں میں روانہ کر دئے گئے۔

Comments (0)
Add Comment