فضل الرحمن حامدالحق نے اپوزیشن-حکومت رسہ کشی ڈرامہ قراردیدی

اکوڑہ خٹک (امت نیوز)جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے اچانک اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جمعیت علماء اسلام اوردفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا حامد الحق سے ملاقات کی ۔ دونوں رہنمائوں نے سمیع الحق شہید کے قاتلوں کی ا ب تک عدم گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا اور اپوزیشن اور حکومت کے درمیان رسہ کشی کو ٹوپی ڈرامہ قراردیا۔ ملاقات میں ملک میں بے حیائی اور عریانی کی بڑھتے ہوئے رحجان ، مدارس دینیہ کے رجسٹریشن اور دیگر امور زیربحث آئے۔اس موقع پر جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم مولانا انوار الحق حقانی، جمعیت کے صوبائی امیر مولانا سید محمد یوسف شاہ اور مولانا شہید کے برخورداران مولانا راشد الحق،مولانا اسامہ سمیع، خذیمہ سمیع،مولانا عرفان الحق ،مولانا لقمان الحق موجود تھے جبکہ مولانا فضل الرحمن کے ہمراہ مولانا شجاع الملک مولانا عطاء الحق درویش ،قاری عمر علی اور شمس الرحمن شمسی بھی ساتھ تھے۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے اپوزیشن اورحکمرانوں کے درمیان رسہ کشی اور ایک دوسرے کے خلاف بیانات کو ٹوپی ڈرامہ قرار دیا، اصل عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کا ایک حربہ قرار دیا ، بعد میں مولانا فضل الرحمن نے شہید ناموس رسالت مولاناسمیع الحق شہید اور شیخ الحدیث مولانا عبدالحق کی قبور پر فاتحہ خوانی کی او راپنے اساتذہ مولانا عبدالحلیم دیروی اور مولانا مغفور اللہ صاحب سے ملاقات کی۔

Comments (0)
Add Comment