کراچی(اسٹاف رپورٹر)رینجرز اورپولیس نے مختلف علاقوں سے متحدہ قومی موومنٹ لندن کے دہشت گرد سمیت 24 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ملزمان منشیات فروش خاتون اور ایرانی ڈیزل کے سپلائرز بھی شامل ہیں۔فحاشی کے اڈے سے 5 خواتین سمیت 7 افراد دھرلیے گئے۔تفصیلات کے مطابق رینجرز نے فریئر کے علاقے سے ملزم اشرف عرف ٹنٹا کو گرفتار کرلیا، جو متحدہ قومی موومنٹ لندن کا دہشت گرد ہے اور بھتہ خوری و اسٹریٹ کرائم میں بھی ملوث ہے ۔رینجرز نے گلشن معمار ،گڈاپ ،سعود آباد سے10ملزمان فیروز ،علی رضا،عالم زین ،فضل حسین ،سعود ، ریاض ،عابد حسین ،محبوب علی ،جنید اور بلال کو دھرلیا۔زمان ٹاؤن میں مسروقہ موبائل کی خرید و فروخت کرنے والا ملزم آصف بھی پکڑلیا۔شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے منشیات فروش ملزمہ نازیہ کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں چرس اور ہیروئن برآمد کرلی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ اپنے برقعے میں منشیات چھپا کر سپلائی کرتی تھی۔پیرآباد پولیس نے ملزم شوکت خان ، پاکستان بازار پولیس نے ملزم ہنی مسیح ، الفلاح پولیس نے کار سوار 3ملزمان تحسین الرحمن ، کامران ، پرویز علی ، گلشن معمار پولیس نے 3ملزمان فضل ، سعود اور ریاض کو گرفتار کرلیا۔ادھر شاہ لطیف پولیس نے پی ایم ٹی ایف روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایرانی ڈیزل کے سپلائرز نصیر اور ناصر علی کو گرفتار کرلیا۔ملزمان کے قبضے سے 750لیٹر ایرانی ڈیزل ، ڈرم اور ایک شہزور ٹرک برآمد کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مذکورہ مقام پر ایک ڈمپنگ پوائنٹ بنایا ہوا تھا۔ملزمان کے دیگر ساتھی بلوچستان سے ایرانی ڈیزل اسمگل کر کے مذکورہ مقام پر ڈمپ کرتے تھے، جس کے بعد ملزمان شہزور ٹرک کے ذریعے بن قاسم ، اسٹیل ٹاؤن ، سکھن ، ابراہیم حیدری اور قائد آباد میں ایرانی ڈیزل فروخت کرتے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملیر کے مختلف علاقوں میں صابر اور زبیر بھی ایرانی ڈیزل کا کام کرتے ہیں، جن کے خلاف بھی جلد کارروائی متوقع ہے۔بہادر آباد پولیس نے فحاشی کے اڈے پر چھاپہ مار کر 5خواتین سمیت 7افراد کو گرفتار کرلیا۔