نئےایئرپورٹ کا بورڈنگ پل گرنے پرا سپین کی کمپنی کو نوٹس

اسلام آباد (نمائندہ امت) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کو آگاہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بورڈنگ پل گرنے پر سپین کی کمپنی کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ کمیٹی کا ا جلاس سینیٹر مشاہد اللہ خان کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ ڈی جی سول ایوی ایشن حسن بیگ نے بورڈنگ بریج گرنے کے حوالے سے بتایا کہ ایک بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے۔ مینٹینینس کا مسئلہ تھا۔ دو لوگوں کو شوکاز نوٹس بھی جاری کئے ہیں۔ سپین کی کمپنی کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور اس کی ذمے داری کا ایک مزید سال بڑھا دیا گیا ہے۔ کمپنی ہی بورڈنگ پل لگائے گی اور جن لوگوں نے ڈیزائن پاس کیا تھا ان کی بھی انکوائری ہو رہی ہے۔ پہلے چیکنگ تین ماہ میں ہوتی تھی اب سول ایوی ایشن نے کم مدت میں چیک کرنا شروع کر دیا ہے۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے سینیٹر حاصل خان بزنجو کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جو معاملات کا جائزہ لے کر رپورٹ فراہم کرے گی۔ اراکین کمیٹی نے نیوانٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد میں دی گئی سہولیات پر عدم تحفظ کا اظہار کرتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ اراکین کمیٹی نے کہا کہ مسافروں کو آفس ٹائم کے بعد اور ہفتہ اتوار کو بکنگ کے لئے ایئرپورٹ جانا پڑتا ہے۔ اسلام آباد کے بلیوایریا میں قائم دفتر کو بکنگ کے لئے پورا ہفتہ کھلا رہنا چاہئے۔ قائمہ کمیٹی نے بکنگ آفس چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کی ہدایت کر دی۔

Comments (0)
Add Comment