راولپنڈی (امت نیوز)پاک فوج نے ہیٹرک مکمل کرتے ہوئے بھارت کاایک اورکوآرڈ کاپٹر مارگرایا۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ بھارتی جاسوس ڈرون لائن آف کنٹرول ستوال سیکٹر میں گرایا گیا۔ پاک فوج کی طرف سے گزشتہ 20گھنٹے میں گرایاجانے والا یہ دوسرا بھارتی کوآرڈ کاپٹرہے ،پاک فوج نے منگل کو باغ سیکٹر میں بھی ایک بھارتی کوارڈ کاپٹرمارگرایاتھا جبکہ پاکستان کی مسلح افواج کچھ عرصہ بھی لائن آف کنٹرول پرسرحدی خلاف وزی کرنے پر ایک بھارتی کوارڈ کاپٹر مار گرا چکی ہیں ، یو ں پاک فوج نے بھارتی کوارڈ کاپٹر زمار گرانے کی ہیٹرک مکمل کرلی ہے۔دریں اثناپاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ دشمن کا ایک ڈرون تک ہماری حدود میں نہیں آ سکتا، پاکستان کو دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا، بھارت سن لے ایسا وقت آیا تو منہ توڑ جواب دیں گے۔ جنرل آصف غفور نے بھارت پر واضح کر دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی، جنگ کی دھمکیوں سے مسئلے حل نہیں ہونگے لیکن اگر ایسی کوئی بات ہوئی تو افواج پاکستان ہر وقت تیار ہے۔ایک انٹرویو میں میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ بہت مشکل سفر تھا، پچھلی دو دہائیوں میں مشکل سفر طے کیا ہے۔ پاک فوج قربانیاں دے کر امن بحال کر رہی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کیخلاف جنگ کو کامیاب بنایا۔ پچھلے دو سال میں 75 ہزار سے زائد خفیہ آپریشن کیے گئے جبکہ آپریشن ردالفساد کے دوران 35 ہزار غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔