لانڈھی – کورنگی میں 227 دکانیں مسمار – پتھراؤ سے آپریشن رک گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورنگی، لانڈھی میں انسداد تجاوزات کے عملے نے 227 دکانیں مسمار کر دیں ۔ ساڑھے 5 پرکارروائی کے دوران مشتعل مکینوں نے پتھراؤ کردیا۔جس پر عملہ آپریشن روک کر واپس چلا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز انسداد تجاوزات کے ڈی اے ویگراداروں کے عملے نے کورنگی میں تجاوزات ہٹانے کیلئے آپریشن شروع کیا ۔لانڈھی بابر مارکیٹ اور کورنگی 12ہزار روڈ کے اطراف عملے نے 5سے زائد دکانیں مسمار کیں ۔ بعدازاں عملے نے کورنگی 5نمبر نالے کے اطراف کارروائی شروع کی اور 222دکانیں مسمار کردیں جو فٹ پاتھ اور نالے پر قائم تھیں ۔جب عملہ کورنگی ساڑھے 5نمبر پر دکانیں مسمار کر نے لگا تو دکانداروں نے احتجاج شروع کردیا جس پر سیکورٹی اہلکاروں نے 4افراد کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتاری کے بعد مظاہرین میں اضافہ ہوگیا اور علاقہ مکینوں میں یہ افواہ گردش کرنے لگی کہ دکانوں کے ساتھ ساتھ مکان بھی گرائے جا رہے ہیں جس پر علاقے کی خواتین گھروں سے باہر آگئیں اور شدید نعرے بازی شروع کردی۔ مظاہرین نےعملے پر پتھراؤ شروع کردیا ،جس کے باعث عملہ آپریشن چھوڑ کر واپس چلاگیا ۔اس دوران واٹر کینن بھی منگوایا گیا ، تاہم احتجا جی خواتین کی تعداد زیادہ ہونے پر اسے استعمال نہیں کیا گیا ۔ ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے ‘‘امت ’’کو بتایا کہ کورنگی میں 500دکانیں مسمار کرنے کیلئے آپریشن شروع کیا گیا تھا جو مزاحمت کے باعث روک دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ دکانیں نالے پر قائم ہیں ،جنہیں ہرصورت مسمار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن میں کے ڈی اے کے انجینئر،اسسٹنٹ کمشنر،ڈپٹی ڈائریکٹر عتیق خان،سٹی وارڈن سمیت علاقہ پولیس بھی موجود تھی انہوں نے کہا کہ ادھورا آپریشن آج دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ باغ ابن قاسم پر بنی عمارت کو بھی مسمار کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے چند روز میں عمارت مسمار کردی جائے گی ۔

Comments (0)
Add Comment