کراچی(اسٹاف رپورٹر)محمود آباد میں شہری نے لوٹ مار کرنےوالے ایک ملزم کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، جب کہ اس کے 3 ساتھی فرار ہوگئے۔مختلف علاقوں میں مزاحمت پر 3 افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق محمود آباد کے علاقے پلیہ کے قریب 4 ملزمان اسلحہ کے زور پر شہری زبیر سے 2 لاکھ روپے اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہورہے تھے کہ شہری زبیر نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ 3ملزمان فرار ہوگئے۔ایس ایچ او سرور کمانڈو نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کے قبضے سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ہے۔وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ شہری زبیر سے 2لاکھ روپے اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہورہا تھا کہ شہری نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کردی۔دریں اثنا نامعلوم ملزمان نے میٹرو سینما کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر 26سالہ محمد علی ولد زاہد شاہ، چمڑا چورنگی پی ایس او پمپ کے قریب 25سالہ محمد شہباز ولد اسحاق اور آرام باغ کے علاقے میں 30سالہ وقار ولد صمد کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔