نجی اسکول اساتذہ کو کم از کم 12 ہزار تنخواہ دینے کا حکم

لاہور(امت نیوز)حکومت پنجاب نے نجی سکولوں میں اساتذہ کو کم تنخواہیں دینے کا نوٹس لے لیا۔ محکمہ تعلیم نے نجی سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کو کم از کم 12ہزار روپے تنخواہ دینے حکم جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں گریڈ بی اور سی درجہ کے نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ نے محکمہ تعلیم پنجاب کو شکایت درج کرائی کہ نجی ادارے کنٹریکٹ کے تحت مکمل اجرت ادا نہیں کر رہے جس پر حکومت نے پرائیویٹ اساتذہ کے خلاف ناروا سلوک پر نجی تعلیمی اداروں سے جواب طلب کر لیا، محکمہ سکول ایجوکیشن نے پنجاب کے متعلقہ حکام کو بریفنگ کے لیے بلا لیا ہے۔ذرائع کے مطابق سپیشل ٹیموں کے خفیہ سروے میں پسماندہ علاقوں میں تنخواہیں 5ہزار کے لگ بھگ دی جاتی ہیں جبکہ حکومت پنجاب نے تمام پرائیویٹ سکولز میں ٹیچرز کی کم از کم 12ہزار روپے تنخواہ مقرر کر رکھی ہے۔حکومت پنجاب نے نجی تعلیمی اداروں کو ہر صورت 12ہزار تنخواہ دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔

Comments (0)
Add Comment